بالی وڈ کی اداکارہ ملائکہ اروڑہ خان جن پر فلم دبنگ کا مشہور آئٹم گیت ’منی بدنام ہوئی‘ فلمایا گیا تھا کا کہنا ہے کہ اب دبنگ ٹو میں بھی اسی گیت جیسے ایک اور گانے پر زور دار رقص کرنے کے لیے تیار ہیں۔
دبنگ فلم میں گانا منی بدنام ہوئی بہت کامیاب رہا تھا اور اس میں ملائکہ کے رقص کی خوب واہ واہ ہوئی تھی۔
ممبئی میں اسی گانے کے لیے ایک نجی ٹی وی چینل نے انھیں ایوارڈ سے نوازا۔
اس موقع پر ملائکہ نے کہا کہ منی گانا زبردست ہٹ رہا اور اب ہم سب پر دباؤ ہے کہ اس سے بھی بہتر گانا تیار کیا جائے۔
انھوں نے کہا کہ وہ ایسے چیلنجوں سےگھبراتی نہیں اور جم کر کام کریں گی اور یہ گانا منی سے بھی اچھا ہوگا۔
’منی بدنام ہوئی‘ کی زبردست کامیابی کے بعد بالی وڈ میں آئٹم ڈانس کی بھرمار سی ہو گئی ہے۔
فلم تیس مار خاں میں قطرینہ کیف پر فلمایا گیا گانا’ شیلا کی جوانی‘ بھی کافی مقبول رہا تھا۔
جمعہ کو ریلیز ہونے والی فلم’ بن بلائے باراتی‘ میں ملکہ شیراوت پر ایک گانا’ شالو‘ فلمایا گیا ہے۔ اس گانے کے بول میں بھی منی کے لفظ کا ذکر ہے۔
اس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ملائکہ نے کہا کہ ’انھیں اچھا لگتا ہے جب دوسرے گانوں میں بھی منی کا ذکر ملتا ہے اور یہ ہمارے گانے کی کامیابی ہے۔‘
دبنگ فلم، اداکار سلمان خان کے بھائی اور ملائکہ کے شوہر ارباز خان نے بنائی تھی جبکہ اس کے ہدایت کار ابھے نو کشیپ تھے۔
لیکن دبنگ ٹو کی ہدایت کاری ارباز خان خود کر رہے ہیں۔
ملائکہ خان کا کہنا ہے کہ ارباز ہمیشہ سے ہی ہدایت کاری کرنا چاہتے تھے اور اب بلآخر ان کی تمنا پوری ہونے جا رہی ہے۔
ملائکہ خان جنھوں نے اب زیادہ تر فلموں میں آئٹم سونگ ہی کیے ہیں نے کہا کہ ’اداکاری کرنے کی میری کوئی خواہش نہیں ہے، میں نے کبھی ایسا کہا بھی نہیں کہ مجھے اداکاری کی خواہش رہی ہے لیکن مستقبل میں ایسا ہو بھی سکتا ہے کہ میں اداکاری بھی کروں۔‘
ملائکہ کے مطابق وہ خود کو فٹ رکھنے کے لیے بھرپور ورزش اور ڈانس کرنا پسند کرتی ہیں۔
0 comments:
Post a Comment